پاکستان
Time 13 اپریل ، 2020

وزیر اعظم عمران خان نے 'ٹیلی اسکول' کا افتتاح کردیا

وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن کے دوران بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے لیے  ٹیلی اسکول کا افتتاح کردیا۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس منصوبے کے لیے وزارت تعلیم اور وزارت اطلاعات کے مشکور ہیں، ٹیلی اسکول کورونا وائرس کے بعد بھی چلنا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں سب سے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، ٹیلی اسکول چینل سے دور دراز کے علاقے بھی مستفید ہوں گے۔

انہوں  نے کہا کہ موبائل فون کی وجہ سے بڑے بزرگ بھی سیکھنا چاہتے ہیں، ٹیلی ایجوکیشن اور ٹیلی میڈیسن سے ہم دور دراز علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں۔

وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے مطابق ٹیلی چینل 14 اپریل کو صبح 8 بجے سے باقاعدہ اپنی نشریات کا آغاز کر دے گا جس میں جماعت اول سے بارہویں تک کے طلبہ کو نصاب کے مطابق معاونت فراہم کی جائے گی۔ 

ٹیلی اسکول چینل پر روزانہ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک تعلیمی پروگرام نشر کیے جائیں گے جب کہ یہ چینل کیبل، سیٹیلائٹ اور عام اینٹینا کے ذریعے دیکھا جاسکے گا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل معطل ہے۔

مزید خبریں :