Time 14 اپریل ، 2020
کھیل

شاہد آفریدی اشتہارات کرنے پر معاوضے کے بجائے راشن بیگز لیں گے

فائل فوٹو

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملک کے مختلف برانڈز کے لیے کمرشل میں مشروط طور پر بلامعاوضہ کام کرنے کی پیشکش کی ہے۔

کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں دنیا بھر کی معروف شخصیات شریک ہیں جن میں کوئی فنڈز کے ذریعے مدد کررہا ہے تو کوئی مستحقین کو راشن فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھارہا ہے۔

پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی شخصیات سمیت قومی کھلاڑی بھی اس صورتحال میں غریب اور نادار لوگوں کی مدد کرنے کے لیے خدمات سر انجام دے رہے ہیں جن میں شاہد آفریدی بھی اپنے فاؤنڈیشن کے تحت احسن کام کررہے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا ہے۔ 

اپنے ویڈیو پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ 'یہ پیغام تھوڑا مختلف ہے، تمام برانڈز خاص طور پر وہ جن کے ساتھ میں نے کام کیا ہے اور مختلف کمرشل کیے ہیں، ان کی برانڈ کی تشہیر کی ہے، اب میں ان چیزوں میں تھوڑی تبدیلی کرنا چاہ رہا ہوں'۔

انہوں نے کہا کہ 'میں ان سب برانڈز سے درخواست کرتا ہوں کہ اور مجھے آپ سےکوئی پیسے نہیں چاہئیں، میں آپ کے لیے سوشل میڈیا اور ٹی وی دونوں کے لیے موجود ہوں‘۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ 'مجھے آپ سے پیسے نہیں چاہیے بس آپ مجھے راشن بیگز تیار کرکے دے دیں تاکہ میں پاکستان کے مستحق لوگوں تک پہنچا سکوں'۔

مزید خبریں :