Time 14 اپریل ، 2020
کھیل

باکسر حسین شاہ کو پاکستان نے عزت دی مگر وہ جاپان جا کر سیٹ ہو گئے: عامر خان

— عامر خان/فائل فوٹو

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان کے واحد اولمپئن میڈلسٹ باکسر حسین شاہ پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے سوال کیا ہے کہ حسین شاہ نے پاکستان باکسنگ کیلئے کیا کیا ہے؟

عامر خان نے پاکستانی صحافیوں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے گفتگو کی جس میں ایک صحافی نے کہا کہ عامر خان کے نام سے اسلام آباد میں منسوب باکسنگ اکیڈمی کسی زمانے میں حسین شاہ کے نام سے منسوب تھی۔

 اس بات پر عامر خان نے حسین شاہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حسین شاہ کو پاکستان نے عزت دی اور وہ پاکستان سے نام کما کر جاپان جاکر سیٹ ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ حسین شاہ نے پاکستان  کے باکسرز کے لیے کچھ اقدامات نہیں کیے جب کہ حسین شاہ کے برعکس میں (عامر خان) یہاں باکسرز  کے لیے پیسہ لگا رہا ہوں۔

 تاہم عامر خان نے بعد میں اپنا لہجہ نرم کرتے ہوئے کہا کہ وہ حسین شاہ کی عزت کرتے ہیں ان کی خواہش ہے کہ وہ ان کے ساتھ پاکستان میں باکسنگ کے لیے مل کر کام کریں۔

ایک سوال پر عامر خان نے کہا کہ وہ اولمپکس میں پروفیشنل باکسرز کو کھلانے کے حامی نہیں، پروفیشنلز اور ایمچر باکسرز ایک ساتھ مقابلہ نہیں کرسکتے، ایسا مقابلہ ایمچر باکسرز کے ساتھ نا انصافی ہوگی کیوں کہ ایک پروفیشنل باکسر بغیر وقت ضائع کیے کسی بھی ایمر باکسر کو چت کردے گا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پروفیشنل باکسنگ کو اس لیے پروموٹ کرتے کیوں کہ ان کی خواہش ہے کہ باکسرز کی زندگی بہتر ہو، انہیں پیسہ ملے لیکن ایمچر باکسنگ میں یہ پیسہ نہیں ملتا۔

عامر خان نے مزید کہا کہ وہ جلد فلپائن کے مینی پیکیو کے ساتھ فائٹ کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں ان کی پیکیو کے مینیجر سے بھی بات چیت ہوئی ہے امید ہے اس کی تاریخ اور مقام جلد طے ہوجائے گا۔

مزید خبریں :