14 اپریل ، 2020
کورونا وائرس کے باعث دنیا کی سب سے بڑی سائیکل ریس 'ٹور ڈی فرانس' ملتوی کردی گئی۔
فرانسیسی اخبار کے مطابق ٹور ڈی فرانس اب 27 جون کی بجائے 29 اگست کو شروع اور 20 ستمبر کو ختم ہو گی۔
ٹور ڈی فرانس کے منتظمین کی جانب سے ابھی تک نئی تاریخوں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
تین ہفتوں پر مشتمل یہ سائیکل ریس 27جون کو فرانس کے شہر نیس سے شروع ہونی تھی اور 19 جولائی کو پیرس میں اختتام پذیر ہونی تھی۔
خیال رہے کہ فرانس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 43 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ 15 ہزار 729 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔
گزشتہ روز فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں نے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن 11 مئی تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا اور عوامی اجتماعات پر پابندی بھی مئی کے وسط تک برقرار رکھنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئی ہیں۔
اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے پلے آف میچز، انڈین پریمیئر لیگ، اولمپکس، ومبلڈن اور دیگر اسپورٹس ایونٹس ملتوی ہوچکے ہیں۔