15 اپریل ، 2020
دنیا بھر میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپسی کے لیے ملک کے 6 بڑے ائیر پورٹس کو کھول دیا گیا۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن معید یوسف کا کہنا ہے کہ ان ائیرپورٹس کو 15 سے 18 اپریل تک بیرون ممالک پاکستانیوں کو لانے کے لیے کھولا گیا ہے جن پر صرف بین الاقوامی پروازیں آپریٹ ہوں گی۔
معید یوسف نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کی اسکریننگ کی جائے گی، اور پھر انہیں ائیرپورٹ اور ملحقہ ہوٹلوں میں 48 گھنٹے کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے بتایا کہ کھولے گئے ائیرپورٹس میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، فیصل آباد اور ملتان کے ہوائی اڈے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ائیر لائن (پی آئی اے) نے بیرون ملک میں پھنسے 1800 سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت قومی ائیرلائن کی مختلف پروزایں 19 اپریل تک مختلف ممالک سے پاکستانیوں کو واپس وطن لائیں گی۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر اندرون اور بیرون ملک فلائٹ آپریشنز معطل ہیں تاہم اب خصوصی پروازوں کے ذریعے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جا رہا ہے۔