15 اپریل ، 2020
امریکی صدر ٹرمپ مشہوری کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ہیں اور اب انہوں نے گھروں میں بیٹھے امریکیوں کو دیے جانے والے حکومتی امداد کے چیک پر اپنا نام چھاپنے کا کہہ دیاہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ امریکیوں کو کورونا ریلیف کی مد میں دیے جانے والے چیک پر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام بھی پرنٹ کیا جائے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ اس حکم کے بعد امریکیوں کو امدادی رقم کی فراہمی میں کئی دن اور لگنے کا امکان ہے تاہم محکمہ خزانہ نے اس کی تردید کی ہے۔
دوسری جانب ناقدین نے ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امریکی عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے اور اسے سیاست کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
خیال رہے کہ امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ نے کورونا وائرس سے معاشی نقصان کے پیش نظر لاکھوں شہریوں کو امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس اعلان کے تحت امریکا میں لاکھوں مستحق افراد کو 1200 امریکی ڈالر کا چیک ملے گا۔
یہ امداد امریکی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 20 کھرب ڈالر کے کورونا ریلیف پیکج کا حصہ ہے۔
ایک اندازے کے مطابق امریکا میں صرف رواں ماہ ایک کروڑ 60 لاکھ افراد بے روزگار ہوئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 8 کروڑ امریکیوں کو 1200 ڈالر کے چیک دیے جائیں گے۔
خیال رہے امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 6 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 26 ہزار سے زائد افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔