پاکستان
Time 16 اپریل ، 2020

لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب یہ نہیں کہ کورونا کا چیلنج ختم ہو گیا: فردوس عاشق

فوٹو فائل—

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب یہ نہیں کہ کورونا کا چیلنج ختم ہو گیا ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ‏وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن میں نرمی عوام کی زندگیوں میں آسانی کے لیے کی ہے، عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلوں پر سختی سے عمل کریں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب یہ نہیں کہ کورونا کا چیلنج ختم ہوگیا ہے،  ‏تمام شہریوں کو حقوق و فرائض میں توازن پیدا کرنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وبا سے ابھی جنگ جاری ہے، ہم نے خود بھی بچنا ہے، دوسروں کو بھی بچانا ہے کیونکہ یہ جنگ عوام کی مدد اور تعاون کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے عوام سے اپیل کی کہ ذمہ دار شہری کا کردار ادا کرتے ہوئے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں کیونکہ کورونا کا واحد علاج احتیاط اور پرہیز ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے تک توسیع کرتے ہوئے اسے 30 اپریل تک بڑھا دیا ہے تاہم اس دوران کچھ شعبوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

مزید خبریں :