پاکستان
Time 14 اپریل ، 2020

وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے توسیع کا اعلان کردیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگلے دو ہفتے بھی لاک ڈاؤن برقرار رہے گا۔

اسکول، کالج ، کھیل کے میدان، سنیما گھر اور تمام عوامی مقامات بند رہیں گے جبکہ تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، ایکسپورٹس اور لوکل سافٹ وئیر ڈیولپمنٹ پروگرامنگ، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ، پودوں کی نرسری، زراعت کی مشینری اور آلات بنانے والی انڈسٹری، شیشہ انڈسٹری، جانوروں کے اسپتال، ایکسپورٹس انڈسٹری بھی کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث چھوٹے دکاندار ایک دم بے روزگار ہوگئے ، کورونا جتنا پھیلنا چاہیے تھا اس کا 30 فیصد پھیلا ہے ، دیگر ملکوں کی مناسبت سے ہمارے ہاں کم افراد متاثر ہوئے ، اٹلی اور اسپین دیکھ لیں ، ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ کہ کورونا کسی وقت بھی پھیل سکتا ہے، احتیاط کرنا نہیں چھوڑنا چاہیے، نوجوانوں کو کورونا اتنا متاثر نہیں کرتا لیکن وہی نوجوان اپنے گھر میں بزرگوں کی زندگی مشکل میں ڈال سکتے ہیں، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات کررہے ہیں ، ابتک ہم ٹھیک چل رہےہیں۔

عمران خان نے کہا کہ خدانخواستہ بے قاعدگی ہوئی تو ہم اس کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے ، اس لیے ہم لاک ڈاؤن کو آگے لے کر جارہےہیں ، اسکول کالجز ، عوامی مقامات پر اگلے دو ہفتے لاک ڈاؤن برقرار رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ احساس پروگرام میں 28 لاکھ خاندانوں کو پیسہ مل چکا ہے ،45 ارب روپے تقسیم کرچکے، انتظامات کیے گئے ہیں کہ گندم کی کٹائی میں رکاوٹ نہ ہو، تعمیراتی صنعت میں رسک فیکٹر بہت کم ہے، تعمیراتی انڈسٹری کیلئے کل ایک آرڈیننس لارہےہیں، تعمیراتی صنعت کو بہت بڑا ریلیف پیکیج دیں گے اور تعمیراتی صنعت آج سے کھول رہےہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف سخت آرڈیننس لارہےہیں، گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام کےلیے سخت آرڈیننس لا رہےہیں، ملک سےگندم کی اسمگلنگ کا خطرہ ہے، پاکستان سے ڈالر بھی اسمگل ہوجاتے ہیں، اسمگلنگ کرنے والے کے منیجرکو نہیں مالک کوپکڑیں گے، ملک میں ذخیرہ اندوزی کوبھی روکیں گے، رمضان سےپہلےذخیرہ اندوز مصنوعی منہگائی پیداکرتےہیں۔

اگرہم مزید احتیاط کرلیں تو کئی صنعتیں کھول سکتےہیں، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں 75فیصد مزدور رجسٹرڈ ہی نہیں، ہم نےہنگامی بنیاد پر احساس پروگرام شروع کیا ، احساس پروگرام میں کسی قسم کی انسانی مداخلت نہیں ہے، احساس پروگرام میں ڈیٹا بیس کےذریعےمستحق افرادکی شناخت ہورہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ تعمیراتی صنعت جب تک کام شروع نہیں کریگی، مزدور طبقے کی مدد نہیں ہوسکےگی، ایک طرف کورونا ہے اور دوسری طرف بھوک ہے، جب لوگوں کو بھوک کی فکر ہوگی تووہ لاک ڈاؤن کونہیں مانیں گے، اگرہم مزید احتیاط کرلیں تو کئی صنعتیں کھول سکتےہیں، ہمارے وہ حالات نہیں ہوں گے جو ہم سے زیادہ امیر ممالک کے ہیں۔

وفاقی کابینہ کی لاک ڈاؤن 30 اپریل تک بڑھانے کی منظوری

قبل ازیں وفاقی کابینہ نے بھی لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کی منظوری دے دی تھی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث ملکی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور کابینہ نے لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کی منظوری دی۔

لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کی حتمی منظوری اب قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) نے بھی دے دی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے جو 14 اپریل کو ختم ہونا تھا۔

مزید خبریں :