دنیا
Time 16 اپریل ، 2020

امریکا میں مزید 2400 سے زائد ہلاکتیں، دنیا میں اموات ایک لاکھ 34 ہزار سے تجاوز

کورونا وائرس کے باعث امریکا میں مزید 2400 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے جب کہ دنیا بھر میں اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکا میں مزید 2483 افراد کورونا وائرس کا شکار بنے جس کے بعد امریکا میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 30 ہزار 985 ہو گئی ہے۔

صرف ریاست نیویارک میں اموات کی تعداد 10 ہزار 899 ہو چکی ہے جب کہ امریکا میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 44 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

اٹلی میں اموات کی مجموعی تعداد 21 ہزار 645 اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 155 ہو گئی ہے جب کہ اسپین میں اموات کی تعداد 18 ہزار 812 اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار 659 ہو گئی ہے۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ اموات 12 ہزار 894 ہو گئی ہیں۔ اسی طرح فرانس میں 17 ہزار 188 اور جرمنی میں 3 ہزار 804 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

ایران میں اموات کی تعداد 4 ہزار 777 جب کہ چین میں 3 ہزار 346 اور ترکی میں 1518 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 لاکھ 83 ہزار 326 اور اموات ایک لاکھ 34 ہزار 616 ہو چکی ہیں جب کہ 5 لاکھ 10 ہزار افراد صحت یاب بھی ہو چکےہیں۔

مزید خبریں :