16 اپریل ، 2020
اسلام آباد: شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی بحران سے متعلق ڈی جی ایف آئی اے کو تفصیلی جواب جمع کرادیا۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے 45 صفحات پر مشتمل جواب میں شوگر ملز مالکان پر لگائے جانے والے الزامات کو غلط قرار دیا گیا ہے۔
جواب میں کہا گیا ہےکہ ایف آئی اے کی رپورٹ من گھڑت اوریکطرفہ تھی، تحقیقات میں ہمارا مؤقف شامل نہیں تھا۔
جواب میں مزید کہا گیا ہےکہ چینی کے حوالے سے جو اقدامات کیے وہ سب قانونی تھے، اس لیے فرانزک رپورٹ بھی تسلیم نہیں کریں گے اور اگر ایف آئی اے سے انصاف نہ ملا توعدالت سے رجوع کریں گے۔
واضح رہےکہ ملک میں حالیہ آٹا اور چینی کے بحران پر ایف آئی اے نے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی ہے جس میں بتایا گیا کہ چینی بحران سے سب سے زیادہ فائدہ پی ٹی آئی کے اہم ترین رہنما جہانگیر ترین کو ہوا اور دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی کو فائدہ ہوا۔
چینی بحران کی رپورٹ پر وزیراعظم نے 25 اپریل کو فرانزک رپورٹ آنے کے بعد کارروائی کا اعلان کیا ہے جب کہ جہانگیر ترین نے اپنے اوپر لگے الزامات کو مسترد کیا ہے اور وفاقی وزیر خسرو بختیار کی وزارت تبدیل کردی گئی ہے۔