پاکستان
Time 16 اپریل ، 2020

بھارت میں لاک ڈاؤن کے باعث پھنسے 41 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

بھارت میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہیں پھنس جانے والے 41 پاکستانی واہگہ کے راستے وطن واپس پہنچ گئے۔

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق یہ پاکستانی بھارت میں علاج، زیارت اور سیاحت کی غرض سے گئے تھے اور بھارت میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے آگرہ، دہلی، ہریانہ اور مشرقی پنجاب میں پھنس گئے تھے۔ 

خیال رہے کہ کورونا وبا کے باعث واہگہ، اٹاری سرحد بھی بند کر دی گئی ہے اور  آج خاص طور پر اسے کھولا گیا تھا۔

پاکستانی ہائی کمیشن  کا کہنا ہے کہ وہ بھارت میں اپنے لوگوں کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے اور مزید 145 پاکستانیوں کو جلد وطن بھجوایا جائے گا۔

خیال رہے کہ بھا رت نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 24 مارچ سے ملک گیر لاک ڈاؤن کررکھا ہے، پہلے یہ 21 دنوں کے لیےلاک ڈاؤن کیا گیا تھا تاہم بعدازاں اس میں 19روز کی توسیع کرکے اسے 3 مئی تک بڑھا دیا گیا جس کے باعث بہت سے غیرملکی شہری بھارت میں پھنس گئے ہیں۔

مزید خبریں :