بھارت میں لاک ڈاؤن کے باعث پھنسے 5 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

بھارت میں پھنسے 5 پاکستانی شہری واہگہ کے راستے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

یہ پاکستانی شہری علاج کے لیے بھارت میں میڈیکل ویزے پر گئے تھے اور کورونا وائرس کی پابندیوں کے باعث نئی دہلی میں پھنس گئے تھے۔

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستانی شہری واہگہ کے راستے پاکستان پہنچے ہیں۔

پاکستانی ہائی کمشین کا کہنا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں بھارت اور پاکستان میں متعلقہ اداروں سے قریبی رابطوں میں ہے اور  بھارت میں پھنسے باقی پاکستانیوں کی بھی جلد واپسی کو یقینی بنایا جائے گا۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پورے ملک میں 25 مارچ سے 21 روز کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حکومت کی طرف سے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی اور ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے سیکشن 51 کے تحت سزا دی جائے گی جس میں ایک سال کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے بھی اپنی مغربی اور مشرقی سرحدوں کو مزید دو ہفتوں کے لیے بند کردیا ہے۔

مزید خبریں :