17 اپریل ، 2020
قومی احتساب بیورو (نیب) نے قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کو طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہ ہوئے۔
گزشتہ روز نیب لاہور نے شہباز شریف کو آج منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیاتھا اور اُن سے وراثت میں موصول ہونے والی جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کی تھیں۔
تاہم اپوزیشن لیڈر کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث نیب دفتر میں پیش نہیں ہوئے۔
اس حوالے مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کورونا اور لاک ڈاؤن کے حالات میں نیب میں پیش نہیں ہوا جاسکتا جبکہ شہباز شریف نے نیب کو اپنا تحریری جواب جمع کرادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نیب میں متعدد بار پیش ہو چکے ہیں اور ان کی جانب سے تفصیلی اور تحریری جواب بھی جمع کروائے جاچکے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی شہباز شریف کو نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اور رمضان شوگر مل کیس میں گرفتار کررکھا تھا تاہم لاہور ہوئیکورٹ نے 14 فروری 2019 کو ان کی ضمانت منظور کی تھی۔