پاکستان
Time 17 اپریل ، 2020

امریکا کا بھی کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 80 لاکھ ڈالرز دینے کا اعلان

مریکا کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کو مزید 80 لاکھ ڈالر سے زائد امداد دے گا: پاکستان میں امریکی ناظم الامور کا پیغام— فوٹو: امریکی سفارتکانہ ٹوئٹر اکاؤنٹ 

امریکا نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی امداد کا اعلان کردیا۔ 

پاکستان میں امریکی ناظم الامور پال جونز نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ امریکا کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کو مزید 80 لاکھ ڈالر سے زائد امداد دے گا اور  مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرےگا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے امریکا ترجیحی بنیاد پرکام کررہا ہے اور فنڈ سے 3 نئی موبائل لیبارٹریز کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کیلئے 30 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔

امریکی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں ہائی ٹیک ایمرجنسی آپریشن سینٹرز بنائے جائیں گے جن کیلئے 10 لاکھ ڈالر کی رقم خرچ کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 20 لاکھ ڈالر کی رقم کمیونٹی ہیلتھ کیئر ورکرز کی ٹریننگ پر استعمال ہو گی تاکہ وہ لوگوں کی گھروں میں دیکھ بھال کرسکیں اور اسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم کیا جاسکے۔

پال جونز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کے کیمپوں کیلئے 24 لاکھ ڈالر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے ذریعے دیے جائیں گے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ حالیہ تعاون پاکستان امریکا کے درمیان صحت کے شعبے کا نیا باب ہے جبکہ گزشتہ 20 سالوں میں ایک اعشاریہ ایک ارب  ڈالر سے زائد شعبہ صحت میں تعاون رہا ہے۔

انہوں نے  پیغام کے آخر میں کورونا وائرس سے جنگ کرنے والے ڈاکٹرز اور دیگر لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم مل کر اس مہلک مرض کا خاتمہ اور اپنے عوام کی جان بچا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے مہلک وائرس سے لڑنے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) سے بھی مدد طلب کی تھی جس پر ایگزیکٹو بورڈ نے ایک ارب 38 کروڑ ڈالرز کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

مزید خبریں :