17 اپریل ، 2020
کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وبا کے دوران تعمیراتی صنعت کیلئے بڑے امدادی پیکج کا اعلان کیا گیا اور انسانی زندگی پر نفع کو ترجیح دینا ہمیں صحت کے بحران کی طرف لے جارہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا اپنی ٹوئٹ میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کیلئے بڑے امدادی پیکجز کا اب تک اعلان نہیں ہوا اور نہ ہی لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دیہاڑی دار طبقے کیلئے امدادی پیکج کا اعلان کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وبا کے دوران تعمیراتی صنعت کیلئے بڑے امدادی پیکج کا اعلان کیا گیا، انسانی زندگی پر نفع کو ترجیح ہمیں صحت کے بحران کی طرف لے جارہی ہے اور وفاقی حکومت کی غلط ترجیحات کے نتائج کا سامنا پورا ملک کرسکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ شعبہ صحت کے نظام، مزدوروں اور ضرورت مندوں سے تعاون کریں۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے تعمیراتی شعبے کو صنعت کا درجہ دے دیا ہے۔
نئے قانون کے تحت تعمیراتی منصوبوں میں سرمایہ کاری پر ذرائع آمدن نہیں پوچھے جائیں گے، پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں سرمایہ کاری پر 90 فیصد ٹیکس چھوٹ ہوگی، بلڈرز اور لینڈ ڈویلپرز کو خصوصی ٹیکس مراعات ملیں گی،کنسٹرکشن سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ حاصل ہوگا، فکسڈ ٹیکس اسکیم متعارف کروائی جائےگی، بلڈرز اور لینڈ ڈویلپرز کو انکم ٹیکس اور کیپیٹل گین ٹیکس کی چھوٹ حاصل ہوگی۔
دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اموات کی تعداد 137 تک جاپہنچی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔