18 اپریل ، 2020
وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کراچی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون کو منانے کا ٹاسک دے دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نےگورنر سندھ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں نجیب ہارون کو منانے کا ٹاسک دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نجیب ہارون پارٹی کے بانی اراکین میں سے ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ نجیب ہارون کے گلے شکوے دور کیے جائیں۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ نجیب ہارون پارٹی کا اثاثہ ہیں، ہر صورت میں نجیب ہارون کو منایا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نجیب ہارون سے پارٹی کے سینیئر ہنماؤں نے رابطہ کیا ہے اور انہیں وزیر اعظم عمران خان کا پیغام بھی دیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما نجیب ہارون نےقومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
نجیب ہارون نے استعفے میں لکھا تھا کہ وہ 20 ماہ سے ایم این اے ہونےکے باوجود نہ اپنے حلقے کے لیے کچھ کرسکے اور نہ ہی کراچی کے لیے۔
یاد رہے کہ نجیب ہارون تحریک انصاف کے بانی اراکین میں شامل ہیں اور وہ کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 سے منتخب ہوئے تھے۔