کورونا کے باعث لکس اسٹائل ایوارڈ کی تقریب منعقد نہ کرنے کا اعلان

عالمگیر وبا کورونا وائرس کے باعث رواں سال لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔

لکس اسٹائل ایوارڈز کے منتظمین نے اعلان کیا ہےکہ اس سال ایوارڈز کی تقریب نہیں ہوگی اور  ایوارڈز کا فنڈ اخوت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر کورونا بحران کا شکار انٹرٹینمنٹ اور فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کی مدد پر خرچ کیا جائے گا۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس سال لکس اسٹائل ایوارڈ کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد نہیں کیا جائے گا  لیکن ہم 19ویں لکس اسٹائل ایوارڈز جیتنے والوں کو ایوارڈ دینے کا ایک بہترین راستہ تلاش کریں گے۔

اس ضمن میں یونی لیور پاکستان کی بیوٹی اینڈ پرسنل کیئر ڈائریکٹر عاصمہ حق کا کہنا ہے کہ ' 19 سال قبل لکس اسٹائل ایوارڈز پاکستان انٹرٹینمنٹ اور فیشن انڈسٹری کو انعام اور فروغ دینے کے لیے شروع کیے گئے تھے، گزشتہ کئی برسوں میں ہزاروں افراد نے اسے پاکستان کے سب سے بڑے ایوارڈ تقریب بنانے میں مدد کی'۔

عاصمہ حق کا کہنا ہے کہ 'اس مشکل گھڑی میں میڈیا انڈسٹری کے وہ لوگ جن کی زندگی اور روزگار کورونا بحران کے باعث متاثر ہوئے ہیں ہم ان کی مدد کریں گے'۔

دوسری جانب یونی لیور پاکستان کے سربراہ اور چیف ایگزیکیٹو آفیسر عامر پرا چا کا کہنا تھا کہ'لکس اسٹائل ایوارڈز ہمیشہ سے ہی پاکستان انٹرٹینمنٹ اور فیشن انڈسٹری کے بہترین لوگوں کو پہچاننے اور ان کی کامیابی کو منانے کے لیے ایک قابل پلیٹ فارم کی حیثیت سے کھڑا رہا ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس تقریب کے التوا کے اثرات کو تسلیم کرتے ہیں اور سب کو ایک ساتھ مل کر رہنے کی تاکید کرتے ہیں، تقریب کی رونقیں دوبارہ بحال ہوں گی جب تک سب محفوظ رہیں ۔

خیال رہے کہ پاکستان کی فیشن اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں لکس اسٹائل ایوارڈز کی بہت اہمیت ہے اور اسے انڈسٹری کا سب سے بڑا ایوارڈ سمجھا جاتا ہے۔

مزید خبریں :