20 اپریل ، 2020
حکومت سندھ نے لاک ڈاؤن کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے جانے والے اداروں کے لیے این او سی اور انڈر ٹیکنگ کی شرط ختم کر دی۔
سندھ حکومت نے کورونا لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ صنعتوں، کاروبار اور ریسٹورنٹس کے لیے ایک اور بڑے ریلیف کا اعلان کیا ہے۔
کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے مستثنیٰ قرار دیے جانے والے اداروں سے این او سی اور انڈر ٹیکنگ لینے کی شرط ختم کر دی جس کے بعد کاروباری، صنعتی سرگرمیاں اور ریسٹورنٹس بغیر کوئی کاغذ جمع کرائے اپنا کام شروع کر سکتے ہیں۔
کمشنرکراچی نے کاروباری صنعت اور ریسٹورنٹس کے لیے ایڈمنسٹریٹیو آرڈر جاری کر دیا جس کے تحت تمام انڈسٹریز، ریسٹورنٹس، کاروباری شخصیات کو محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے قواعد و ضوابط پر عمل کرنا ہوگا اور ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے پر ڈپٹی کمشنرز فوری کارروائی کریں گے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک ملک میں 176 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی ساڑھے 8 ہزار سے زائد ہے۔
وفاقی حکومت نے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے تاہم کچھ صنعتوں کو حفاظتی اقدامات کے ساتھ کام کی اجازت دی گئی ہے جن کے لیے شرائط و ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہے۔