20 اپریل ، 2020
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کر کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید اور تین سپاہی زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے شہر میران شاہ سے 10 کلو میٹر مغرب میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا، جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں ایک اہلکار حوالدار اکبر حسین خان شہید جب کہ 3 دیگر فوجی زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید حوالدار اکبر حسین خان کا تعلق تحصیل دیر کوٹ ضلع باغ آزاد کشمیر سے ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کرکے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔