پاکستان
Time 20 اپریل ، 2020

وزیراعظم عمران خان جیو پر تاریخ کی سب سے بڑی ٹیلی تھون کریں گے

کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات جمع  کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان جیو کے توسط سے تاریخ کا سب سے بڑا ٹیلی تھون کریں گے۔

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جیو نیوز،جیو انٹرٹینمنٹ اور جیو کہانی پر ٹیلی تھون میں براہ راست عوام سےعطیات اکٹھے کریں گے۔

فیصل جاوید نے بتایا کہ تاریخ کے سب سے بڑے ٹیلی تھون کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں، عمران خان 23 اپریل شام 4 بجے سے 6 بجے تک براہ راست عوام سےعطیات وصول کریں گے، دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کوٹیلی تھون میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، ملک بھر سے مخیر حضرات کی کثیر تعداد ٹیلی تھون کا حصہ بنے گی جبکہ بیرون ملک سے بڑی تعدادمیں پاکستانی کوروناریلیف فنڈمیں حصہ ڈالیں گے۔

فیصل جاوید نے کہا کہ ٹیلی تھون میں شریک افراد نیشنل بینک کراچی میں موجود کورونا ریلیف فنڈ کے اکاؤنٹ میں عطیات بھجوائیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کورونا ریلیف فنڈ قائم کیا ہے جس کے ذریعے لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی پریشانی میں مبتلا افراد کی مالی مدد کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :