21 اپریل ، 2020
لاہور میں 42 افراد کو کورونا وائرس میں مبتلا کرنے والا مریض میو اسپتال سے صحتیاب ہو کر گھر واپس لوٹ گیا۔
جیونیوز کےمطابق سوڈیوال کی اسکندریہ کالونی کے رہائشی 40 سالہ محمد رزاق کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر میو اسپتال میں زیر علاج تھے جو شفایاب ہو کر اسپتال سے روانہ ہوگئے ہیں۔
محمد رزاق کی کورونا سے لاعلمی کی وجہ سے 2 بچوں اور 3 خواتین سمیت ان کی فیملی کے 10 افراد کورونا سے متاثر ہو گئے تھے، اس کے علاوہ محلے کے افراد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے 57 گھروں پر مشتمل اسکندریہ کالونی کی ایک گلی کو مکمل طور پر سیل کردیا تھا۔
صحتیابی کے بعد محمد رزاق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپریل کے شروع میں انہیں ہلکی کھانسی اور بخار ہوا، نجی لیبارٹری سے ٹیسٹ کرایا تو کورونا نکل آیا، محکمہ صحت والوں کو پتہ چلا تو وہ میو اسپتال لے گئے، فیملی اور محلے داروں کے ٹیسٹ ہوئے تو کل 42افراد اس موذی مرض کا شکار نکلے۔
محمد رزاق کا کہنا تھا کہ بہت خوف تھا کہ نہ جانے کیا ہو گا، مگر اللہ کا شکر ہے کہ اسپتال میں طبیعت زیادہ نہیں بگڑی، وہاں کھانا وغیرہ ملتا رہا، ڈاکٹروں نے کوئی خاص دوا نہیں دی، احتیاط کے کچھ دن بعد ٹیسٹ کرایا تو کورونا منفی تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کوئی ٹریول ہسٹری بھی نہیں، کسی ایسے شخص سے ملے بھی نہیں، اس کے باوجود کورونا میں مبتلا ہونے کا کچھ علم نہیں۔
محمد رزاق کے علاوہ ان کے 3 ساتھی بھی کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر گھر واپس آچکے ہیں۔
کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کا کہنا ہے کہ کورونا کو ہمت اور حوصلے سے ہی شکست دی ہے تاہم سماجی فاصلے سمیت احتیاطی تدابیر ہمیں اس عذاب سے نجات دلانے میں مدد دیں گی۔