پاکستان
Time 21 اپریل ، 2020

سعودی عرب کا پاکستانی مزدوروں کو 3 ماہ تک تنخواہ کی ادائیگی کا اعلان

وفاقی حکومت نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی محنت کشوں کو درپیش مسائل کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے نائب سعودی وزیر برائے افرادی قوت عبداللہ بن نصیر سے ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کیا۔

ویڈیو لنک رابطے میں پاکستانی مزدور اور لیبر کمیونٹی کو درپیش مسائل اور ممکنہ حل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اس حوالے سے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں ہم وطنوں کی ہر قسم کی ضروریات پوری کرنا چاہتے ہیں۔

معاون خصوصی نے سعودی وزیر سے پاکستانی مزدوروں سے تعاون بڑھانے اور وطن واپسی کیلئے خصوصی اقدامات کی درخواست کی۔

اس موقع پر سعودی عرب نے انٹری اور ایگزٹ ویزے کی مدت بڑھانے کا اعلان کیا اور سعودی وزیر نے کہا کہ دسمبر تک پاکستانی مزدوروں کے ویزوں کی توسیع بالکل مفت ہوگی جبکہ سعودی کمپنیاں آئندہ 3 ماہ تک محنت کشوں کو ملازمت سے برطرف نہیں کریں گی۔

سعودی وزیر کے مطابق تمام ملازمین کو 3 ماہ تک تنخواہ کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور برطرف ملازمین سے بھی تعاون کیا جائے گا جبکہ پاکستانی محنت کشوں کو مکمل تنخواہ اور بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث کئی مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :