22 اپریل ، 2020
اسلام آباد: ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہےکہ وہ وزیراعظم آفس میں 6 سے 7 منٹ رہے جہاں کسی سے ہاتھ تک نہیں ملایا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزدہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے بدھ کو ان کی عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی وہ وزیراعظم آفس میں 6 سے7 منٹ رہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سے ایک منٹ کی بات چیت ہوئی، وزیراعظم ہاؤس میں کسی سے ہاتھ نہیں ملایا اور چائے بھی نہیں پی۔
فیصل ایدھی کا کہنا تھاکہ اگلے ہی روز اندازہ ہوگیا تھا کہ کورونا ہوگیا ہے، پیر کو کورونا کا ٹیسٹ ہوا اور منگل کی صبح فون پر بتایا گیا کہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کے بعد سیلف آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، انہوں نے چند روز قبل وزیراعظم کو ریلیف فنڈ کا چیک پیش کرنے کے لیے ان سے ملاقات کی تھی جس کے بعد وزیراعظم کا بھی کورونا کا سیمپل لیا گیا ہے۔