Time 22 اپریل ، 2020
کاروبار

حکومت 2 دن میں فیصلہ کرے ورنہ دکانیں کھول دیں گے: سربراہ کراچی تاجر اتحاد

—فوٹو فائل

سربراہ کراچی تاجر اتحاد نے حکومت سندھ کو کاروبار کھولنے سے متعلق دو روز میں فیصلہ کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔

 سربراہ کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا کہ کورونا پھیلانے کا سبب نہیں بننا چاہتے لیکن کاروبار کھولنا چاہتے ہیں لہٰذا حکومت نے 2 سے 3 دن میں فیصلہ نہیں کیا تو از خود دکانیں کھولیں گے۔

سربراہ کراچی تاجر اتحاد کا کہنا تھا کہ فاصلے کی پابندی نہ کرنے پر دکان دار ذمہ دار ہوگا، رش لگانے کی صورت میں دکانیں سیل ہوں گی لیکن جب دکانیں کھلیں گی تو پتا چلے گا کتنی احتیاط کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ کراچی سمیت ملک کی مختلف تاجر تنظیموں نے کاروبار کھولنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

دو روز قبل کراچی میں کورونا وائرس کے باعث کیے گئے لاک ڈاؤن کے دوران کاروبار کھولنے کے لیے بنائے گئے ضابطے کی خلاف ورزی کرنے پر تین کمپنیوں کو سیل کر دیا گیا تھا۔

اس پر مرتضی وہاب نے عوام سے اپیل بھی کی  تھی کہ خدارا حکومت سندھ اور طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کیا جائے، لاک ڈاؤن میں دی گئی سہولت کے غلط استعمال سے گریز کیا جائے۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 2 ہفتوں کی توسیع

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے مزید 2 ہفتوں کے لیے توسیع کردی گئی۔

اس سے قبل لاک ڈاؤن کی آخری تاریخ 14 اپریل تھی جس میں اب 30 اپریل تک کی توسیع کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :