پاکستان
Time 20 اپریل ، 2020

کاروبار کھولنے کے ضابطے کی خلاف ورزی پر کراچی میں 3 کمپنیاں سیل

دو ادویہ ساز اور ایک چائے بنانے والی کمپنی نے ملازمین کے لیے ٹرانسپورٹ کا غلط استعمال کیا: ترجمان سندھ حکومت۔ فوٹو: فائل

کراچی میں کورونا وائرس کے باعث کیے گئے لاک ڈاؤن کے دوران کاروبار کھولنے کے لیے بنائے گئے ضابطے کی خلاف ورزی کرنے پر تین کمپنیوں کو سیل کر دیا گیا۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے محکمہ داخلہ کی ایس او پیز یعنی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جس سے معلوم ہوا کہ دو ادویہ ساز اور چائے بنانے والی کمپنی نے ملازمین کے لیے ٹرانسپورٹ کا غلط استعمال کیا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی کی سربراہی میں کارروائی کے دوران پتہ چلا کہ ملازمین کی بڑی تعداد کو بس میں سوار کیا گیا تھا جس میں خواتین بھی شامل تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز کے تحت صنعتی ورکرز کی گاڑیوں میں سماجی فاصلہ لازمی ہے تاہم قواعد و ضوابط پر عمل نہ کرنے پر تین فیکٹریوں کو سربمہر کر دیا گیا ہے۔

مرتضی وہاب نے عوام سے اپیل کی کہ خدارا حکومت سندھ اور طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کیا جائے، لاک ڈاؤن میں دی گئی سہولت کے غلط استعمال سے گریز کیا جائے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے تاہم کچھ صنعتوں کو حفاظتی اقدامات کے ساتھ کام کی اجازت دی گئی ہے جن کے لیے شرائط و ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہے۔

مزید خبریں :