پاکستان
Time 22 اپریل ، 2020

قوم مل کر کورونا ریلیف مشن کو کامیاب بنائے گی: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان—فوٹو فیس بک 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عزم کیا ہےکہ  پوری قوم مل کر کورونا ریلیف مشن کو کامیاب بنائے گی۔

کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان جیو ٹی وی پر تاریخ کی سب سے بڑا ٹیلی تھون کریں گے جس میں وہ براہ راست عوام سےعطیات وصول کریں گے۔

اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان سے سینیٹر فیصل جاوید نے ملاقات کی جس میں کوروناریلیف فنڈ سے متعلق جمعرات کو ہونے والی ٹیلی تھون نشریات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینیٹر فیصل جاوید نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فنڈریزنگ کے لیے یہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی اور بھرپور ٹیلی تھون ہوگی، اس کی  بدولت اندرون وبیرون ملک پاکستانی اپنے ہم وطنوں کی مدد کرسکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیلی کام کمپنیاں 6677 پر میسج بھیج کرکوروناریلیف فنڈ میں حصہ لینےکی سہولت دے رہی ہیں۔

اس دوران وزیراعظم نے ٹیلی تھون کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی ہرگھڑی میں پاکستانی عوام نے اپنے بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی ہے، کورونا ریلیف فنڈ کے لیے مخیر حضرات کا جذبہ نہایت حوصلہ افزاء ہے۔

وزیراعظم نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہرمشکل کا مقابلہ استقامت اور ثابت قدمی سے کیا ہے، امید ہے پوری قوم مل کر اس مشن کو کامیاب بنائے گی۔

واضح رہے کہ ٹیلی تھون  کل بروز جمعرات 23 اپریل کو شام 4 بجے سے 6 بجے تک براہ راست جیو نیوز، جیو انٹرٹینمنٹ اور جیو کہانی پر براہ راست نشر ہوگی۔

مزید خبریں :