پاکستان
Time 22 اپریل ، 2020

'خیبر پختونخوا میں 23 اپریل کو دوربین سے بھی چاند نظر نہیں آسکتا'

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ 23 اپریل کو خیبر پختونخوا میں کسی جگہ چاند نظر آنا دوربین سے بھی نا ممکن ہے۔

خیال رہے کہ  رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت میٹ آفس کراچی میں 23 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق خیبر پختونخوا میں رمضان کا چاند 23 اپریل کو نظر آنے کا امکان نہیں، پشاورمیں غروب آفتاب پرچاند کے مقام کی نشاندہی کیلئے کمپیوٹرپرتصویربنائی گئی۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ 23 اپریل کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے سے بھی کم ہوگی اور افق پرچاند کی بلندی صرف 2 ڈگری ہوگی لہٰذا 23 اپریل کو خیبر پختونخوا میں کسی جگہ چاند نظر آنا دوربین سے بھی نا ممکن ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کسی کو پاکستان میں رہ کر افغانستان اور سعودی عرب کے ساتھ روزے شروع کرنے ہیں تو شوق سے کرے لیکن پاکستان میں 23 اپریل کو چاند نظر آنے کی بات نہ کرے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں رمضان کا چاند جمعرات کو نظر نہیں آسکے گا اور ملک میں رمضان کا پہلا روزہ 25 اپریل بروز ہفتے کو ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :