پاکستان
Time 22 اپریل ، 2020

ڈینیل پرل کیس کی پیروی کرنے والے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل کا تبادلہ، شوکاز جاری

ڈینیل پرل قتل کیس میں سندھ حکومت کی پیروی کرنے والے سلیم برڑو کا سندھ ہائیکورٹ کراچی سے حیدر آباد تبادلہ کردیا گیا ہے: ذرائع 

سندھ ہائیکورٹ میں ڈینیل پرل قتل کیس کی پیروی کرنے والے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل سلیم برڑو کا تبادلہ کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پراسیکیوٹر جنرل سندھ کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹرجنرل سلیم برڑو کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سلیم برڑو کا سندھ ہائیکورٹ کراچی سے حیدر آباد تبادلہ کردیا گیا ہے۔ 

خیال رہے کہ سلیم برڑو نے سندھ ہائیکورٹ میں ڈینیل پرل قتل کیس میں سندھ حکومت کی پیروی کی تھی اور عدالت نے احمد عمر شیخ سمیت 4 ملزمان کی سزائیں ختم کردی تھیں۔

گزشتہ دنوں سندھ ہائیکورٹ نے امریکی صحافی ڈینیل پرل اغواء اور قتل کیس میں عمر شیخ کی سزائے موت کو 7 سال قید میں تبدیل جب کہ 18 برس بعد 3 ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

سندھ ہائیکورٹ کے اس فیصلے پر امریکا سمیت عالمی صحافتی تنظیموں نے بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا جبکہ حکومت سندھ نے رہائی پانے والے تینوں ملزمان کو نقص امن کے قانون کے تحت 3 ماہ کیلئے حراست میں لے لیا تھا۔

سندھ حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے جہاں فاروق ایچ نائیک اس کیس کی پیروی کریں گے۔

مزید خبریں :