Time 22 اپریل ، 2020
پاکستان

کراچی میں دکانیں کھولنے کے معاملے پر تاجر اور ضلعی انتظامیہ آمنے سامنے

کراچی: آئرن مارکیٹ اور ٹمبرمارکیٹ میں دکانیں کھلنے کے بعد پولیس موقع پرپہنچ گئی اور دکانیں بند کرادیں۔

آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا نے پہلے پریس کانفرنس کی اور کہا کہ سندھ حکومت کی نیت ہی نہیں کہ کاروبار کھولے جائیں، ہم ایس او پی کی پاسداری کرتے ہوئے کاروبار کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج دکانیں کھول کر ڈیمو دیا ہے،کل سے دکانیں کھول دیں گے۔

اس کے ساتھ ہی کراچی کے تاجروں نے آئرن مارکیٹ اور ٹمبر مارکیٹ میں دکانیں کھول دیں جس پر پولیس موقع پر پہنچی اور دکانیں بند کرانا شروع کردیں۔

پولیس نے  حماد پونا والا اور دیگر 5 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا جبکہ گرفتار افراد پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے صوبے میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور چند صنعتوں کو طے کردہ ضابطہ کار کے تحت کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

گزشتہ روز گورنرسندھ عمران اسماعیل سے آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا کی قیادت میں نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔

ملاقات میں گورنر سندھ نے احتیاطی تدابیر کے ساتھ کاروبار کھولنے کے مطالبے کی حمایت کی تھی۔

مزید خبریں :