پاکستان
Time 24 اپریل ، 2020

چینی انکوائری کمیشن کو وزیراعظم کو فرانزک رپورٹ جمع کرانے کیلئے مزید 2 ہفتے مل گئے

 انکوائری کمیشن کے سربراہ واجد ضیاء نے 2 ہفتے کی مہلت مانگی تھی، انکوائری کمیشن کی فرانزک رپورٹ 9 مئی کو جمع کرائی جائے گی: ذرائع— فوٹو:فائل 

چینی اسکینڈل پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک کرنے والے انکوائری کمیشن کو فرانزک آڈٹ رپورٹ وزیراعظم کو جمع کرانے کیلئے مزید 2 ہفتوں کا وقت مل گیا۔

ذرائع  کے مطابق انکوائری کمیشن کے سربراہ واجد ضیاء نے 2 ہفتے کی مہلت مانگی تھی جس پر انہیں مہلت دے دی گئی ہے۔ 

ذرائع نے بتایا کہ انکوائری کمیشن کی فرانزک رپورٹ اب 25 اپریل کے بجائے 9 مئی کو وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گھوٹکی میں واقع ایک شوگر مل کی تحقیق کرنے والی ٹیم میں 2 مزید افسران شامل کیے گئے ہیں اور یہ ٹیم اگلے ہفتے دوبارہ گھوٹکی میں واقع الائنس شوگر مل کا دورہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان اور ارسلان وٹو کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھاکہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔

چینی بحران کی ایف آئی اے رپورٹ کا اب فرانزک کیا جارہا ہے جس کی رپورٹ 25 اپریل کو وزیراعظم کو جمع کرائی جانی تھی۔

وزیراعظم نے فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید کارروائیاں کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چینی بحران رپورٹ سامنے آنے کے بعد جہانگیر ترین نے اپنے اوپر لگے الزامات کو مسترد کیا ہے اور وفاقی وزیر خسرو بختیار کی وزارت تبدیل کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :