پاکستان
Time 25 اپریل ، 2020

ملک کے 83 فیصدکاروباری افراد ملازمین کو فارغ کرنےکا نہیں سوچ رہے:گیلپ سروے

کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران کے باوجود ملک کے 83 فیصد کاروباری افراد اب تک اپنے ملازمین کو ملازمتوں سے نکالنے کا نہیں سوچ رہے ہیں۔

یہ بات عوامی آراء جاننے کے حوالے سے معروف ادارے گیلپ پاکستان کی 'بزنس پاکستان انڈیکس' کی سروے رپورٹ سامنے آئی ہے۔

سروے کے مطابق پاکستانی تاجروں  میں کورونا کے باعث کاروبار پر پڑنے والے منفی اثرات کے  باعث صورت حال کو خراب قرار دینے والے کاروباری افراد کی تعداد میں 21 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

گیلپ سروے میں پوچھے گئے سوال پر 36 فیصد افراد نے اپنے کاروبار کی صورتحال کو اچھا قرار دیا جب کہ 62 فیصد افراد نے اس پر منفی رائے دی۔

سروے رپورٹ کے مطابق 40 فیصد تاجر اپنے کاروبار کے مستقبل سے مایوس اور 38 فیصد پُرامید نظر آئے جب کہ 30 فیصد تاجروں کے خیال میں کورونا کے حوالے سے ملک صحیح سمت میں جارہا ہے۔

 ملک کے 83 فیصد کاروباری افراد کا کہنا تھا کہ وہ کاروبار کو مزید نقصان سے بچانے اور خسارے میں کمی کے لیے اپنے ملازمین کو ملازمتوں سے نکالنے کا نہیں سوچ رہے  جب کہ 17 فیصد کا جواب اس کے برعکس تھا۔

اسکرین شاٹ؛ گیلپ سروے

خیال رہے  کہ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 12 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 265 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کورونا کے باعث ملک بھر میں جزوی لاک ڈاؤن ہے اور دنیا  بھر کی طرح معاشی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہیں۔

مزید خبریں :