25 اپریل ، 2020
حکومت نے ایک ماہ کی پابندی کے بعد پیٹرول کی درآمدات کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔
حکام کے مطابق ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی کھپت میں اب اضافہ ہورہا ہے، مارکیٹنگ کمپنیاں ڈیزل اور پیٹرول درآمد کر سکتی ہیں جب کہ ریفائنریز بھی خام تیل درآمد کرسکتی ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن اور پیٹرول کی کھپت میں کمی کے بعد 26 مارچ کو حکومت نے پیٹرول کی درآمد روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی لاک ڈاؤن کے باعث کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں شدید متاثر ہیں جس کے باعث تیل کی طلب میں شدید کمی ہوئی ہے اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر چلی گئی ہیں۔