26 اپریل ، 2020
چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس کی ہلاکت خیزی تھم نہ سکی اور عالمگیر وبا نے 2 لاکھ افراد کی جانوں کو نگل لیا۔
گزشتہ سال دسمبر میں چینی شہر ووہان میں مہلک وائرس کے مریض سامنے آئے تھے اور چند ماہ کے دوران دیکھتے ہی دیکھتے یہ مہلک وائرس دنیا بھر میں پھیل گیا۔
کورونا وائرس نے چین کے بعد اٹلی، اسپین اور ایران میں ہلاکت خیزی کی تاہم اب امریکا، فرانس اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں بھی ہزاروں افراد مہلک وائرس کا شکار بنتے جارہے ہیں۔
امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار سے زائد افراد مہلک وائرس کے باعث جان کی بازی ہارچکے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 53 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 9 لاکھ تک جاپہنچی ہے۔
یورپی ملک اٹلی میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 415 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 26 ہزار 384 تک جاپہنچی ہے۔
اٹلی میں متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار سے زائد ہے جبکہ 63 ہزار افراد اب تک موذی مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ایک اور یورپی ملک اسپین میں بھی کورونا سے ہلاکتیں ساڑھے 22 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد امریکا کے بعد اسپین میں سب سے زیادہ 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد ہے۔
فرانس میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 369 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 22 ہزار 614 تک جاپہنچی ہیں۔
فرانس میں متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار سے زائد ہے جبکہ 44 ہزار افراد مہلک وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
برطانیہ میں بھی کورونا وائرس کے وار جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 813 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار تک جاپہنچی ہے۔
اس کے علاوہ دنیا بھر میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ ایک ہزار 671 تک جا پہنچی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 28 لاکھ سے زائد ہے۔
اس مہلک وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 8 لاکھ 25 ہزار 75 ہے۔