26 اپریل ، 2020
وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) ہوم پر گزشتہ روز مشہور ترین ترک تاریخی ڈرامے 'ارطغرل غازی' کی اردو ڈبنگ کی پہلی قسط ریلیز کی گئی جس نے دھوم مچا دی۔
عمران خان کی جانب سے 'ارطغرل غازی' نشر کیے جانے کی ہدایت کے بعد سے ہی لوگوں کو اس ڈرامے کا بے صبری سے انتظار تھا۔
جیسے ہی یکم رمضان کو اس ڈرامے کی پہلی قسط ریلیز کی گئی تو ٹوئٹر پاکستان کے ٹرینڈنگ پینل پر 'ارطغرل اردو پی ٹی وی' ہیش ٹیگ نمبر ون پر تھا۔
وزیر اعظم عمران خان نے حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران تاریخی ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کے حوالے سے اپنےخیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام یہ ڈرامہ دیکھ کر اسلامی تاریخ اور اخلاقیات کے بارے میں جان سکیں گے۔
'ارطغرل غازی' کی پہلی قسط پر پاکستانی عوام کی جانب سے ڈرامے کی اردو ڈبنگ کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
اظہر نامی صارف کہتے ہیں کہ ترک ڈرامے کی ڈبنگ اچھی ہے۔
اسلام آباد میں ترک سفیر مصطفیٰ نے اپنے ٹوئٹ میں 'ارطغل غازی' دیکھتے ہوئے تصویر شیئر کی اور کہا کہ دیکھتے ہیں کون کون گھر میں یہ ڈرامہ دیکھ رہا ہے، انہوں نے لوگوں سے ڈرامہ دیکھتے وقت کی تصاویر شیئر کرنے کا بھی کہا۔
جویریہ صدیقی نے پی ٹی وی پر 'ارظغرل غازی' دیکھتے ہوئے تصویر شیئر کی اور ڈرامے کی کہانی اور پروڈکشن کی تعریف کی۔
خیال رہے کہ ترکی کے مشہور ڈرامہ سیریل 'ارطغرل غازی' کی کہانی تیرہویں صدی میں مسلمانوں کی عالمی فتوحات کی عکاسی کرتی ہے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک پر اس ترکش ڈرامے کو نشر کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس کے بعد ڈرامے کی اردو زبان میں ڈبنگ کا کام شروع کیا گیا تھا۔