پاکستان
Time 26 اپریل ، 2020

عباسی شہید اسپتال کے ایک اور ڈاکٹر میں کورونا کی تصدیق، ایمرجنسی بند

کراچی: عباسی شہید اسپتال کے ایمرجنسی میڈیکل آفیسر  ڈاکٹر عارف میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اسپتال کی  ایمرجنسی کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

اسپتال کی سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز  ڈاکٹر سلمہ کوثر نے تصدیق کی کہ عباسی شہید اسپتال کے سی ایم او کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

 ڈاکٹرسلمہ کوثر نے بتایا کہ ایمرجنسی کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عارف نے کل اپنے طور پر نجی اسپتال سے کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا، آج نتائج  مثبت آئے جس  کے بعد  اسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ڈاکٹر سلمہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عارف کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج سامنے آنے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور اسپتال کا شعبہ ایمرجنسی فوری طور پر خالی کر وا کر اسے 24 گھنٹے کے لیے بند کر دیا گیا ہے، اور ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو متعلقہ وارڈ میں طبی امداد دی جائےگی۔

انہوں نے بتایا کہ شعبہ حادثات کو 24 گھنٹے کے بعد کھولا جائے گا جب تک ایس اوپی کے تحت ایمرجنسی بندکر کےجراثیم کش اسپرے کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹرسلمہ کوثر کا کہنا تھا کہ کورونا وارئرس سے عباسی شہید اسپتال کے اب تک تین ڈاکٹر متاثر ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ اب تک ملک میں کئی ڈاکٹرز کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کراچی میں ڈاکٹرز کورونا وائرس سے جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔

ڈاکٹر اور طبی عملہ اس وقت کورونا کے خلاف جنگ میں صف اول کے سپاہی ہیں جو مشکل حالات کے باوجود جواں مردی سے وائرس کا مقابلہ کرنے میں مصروف ہیں۔

مزید خبریں :