دنیا
Time 27 اپریل ، 2020

’شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان زندہ اور ٹھیک ہیں’

فائل فوٹو: کم جونگ ان

جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے زندہ اور صحت یاب ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کورین حکام شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی موت کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں پر احتیاط برت رہے ہیں اور ان کا کہنا ہےکہ ممکنہ طور پر کم جونگ بیمار ہوسکتے ہیں۔

جنوبی کوریا کے حکام کا اس بات پر اصرار ہے کہ انہوں نے شمالی کوریا کی تمام سرحدوں پر کوئی غیر معمولی سرگرمی نوٹ نہیں کی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا میں اتوار کے روز ہونے والے ایک اجلاس میں شمالی کوریا کے ساتھ اوورسیز معاملات دیکھنے والے وزیر نے بتایا کہ ہماری حکومت کے پاس انٹیلی جنس کی صلاحیت ہے جو پر اعتماد ہوکر بتاتی ہے کہ شمالی کوریا میں کوئی غیر معمولی صورتحال نہیں ہے۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ جنوبی کورین صدر کے خارجہ پالیسی کے اہم مشیر مون چنگ ان نے کم جونگ ان کی موت کی امریکی میڈیا پر چلنے والی خبروں پر دعویٰ کیا ہےکہ کم زندہ اور ٹھیک ہیں، وہ 13 اپریل سے وونسان کے علاقے میں موجود ہیں جب کہ اس سلسلے میں اب تل کسی مشتبہ صورتحال کو نوٹ نہیں کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے میڈیا نے گزشتہ ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ کم جونگ ان دل کی سرجری کی وجہ سے منظر عام پر نہیں ہیں یا پھر انہوں نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے خود کو آئسولیٹ کررکھا ہے۔

دوسری جانب برطانوی خبر رساں ویب سائٹ کا کہنا ہےکہ سابق اعلیٰ حکام نے بتایا کہ کم جونگ ان میزائل تجربے کے دوران زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ویب سائٹ کے مطابق اعلیٰ حکام نے ایک اخبار کو بتایا کہ کم میزائل تجربے کے حوالے سے آنے والی رپورٹس میں غیر حاضر تھے جب کہ اس میزائل تجربے کی کوئی فوٹیج جاری نہیں کی گئی جو کسی غیر متوقع حادثے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی میزائل تجربے کی ویڈیو کم کی اجازت کے بغیر جاری نہیں کی جس سے اس بات کو مزید تقویت ملتی ہے کہ کم زخمی ہیں۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی ہلاکت کی افواہیں اس وقت سے پھیلیں جب وہ 15 اپریل کو ملک کے سرکاری دن پر بھی نظر نہیں آئے اور انہیں کچھ عرصے سے عوام کے درمیان بھی نہیں دیکھا گیا۔

اس سلسلے میں ایک امریکی صحافی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کم کی موت کا دعویٰ کیا۔

مزید خبریں :