کھیل
Time 27 اپریل ، 2020

2011 ورلڈکپ سیمی فائنل میں ٹنڈولکر آؤٹ تھے، تھرڈ امپائر نے فیصلہ بدلا: سعید اجمل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ ورلڈکپ 2011 کے بھارت کے ساتھ ہونے والے سیمی فائنل میں سچن ٹنڈولکر  میری گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے تھے لیکن تھرڈ امپائر نے فیصلہ تبدیل کیا۔

ورلڈ کپ 2011 کے موہالی میں ہونے والے سیمی فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا آمنا سامنا ہوا تھا اور اس میچ میں پاکستان کو 29 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

اس میچ میں بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے شاندار بیٹنگ کی تھی اور سب سے زیادہ 85 رنز بناکر سعید اجمل ہی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تھے تاہم میچ میں جب سچن 23 رنز پر کھیل رہے تھے تو سعید اجمل کی گیند پر ای بی ڈبلیو ہوگئے تھے۔

امپائر ای ین گولڈ نے انہیں آؤٹ قرار دیا تھا تاہم تھرڈ امپائر بلی باؤڈن نے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔

اب اس معاملے پر ایک بار پھر بحث گرم ہے جس پر اسپنر سعید اجمل نے بھی لب کشائی کی ہے۔

سعید اجمل کا کہنا ہے کہ اُس وقت کے کپتان شاہد آفریدی کی ہدایت پر سیدھی بال کی جس پر ٹنڈولکر صاف آؤٹ تھے اور گیند سیدھی وکٹوں میں جارہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ امپائر ای ین گولڈ نے آؤٹ قرار دیا لیکن تھرڈ امپائر نے فیصلہ بدل دیا اور ڈی آر ایس میں گیند کے رخ کو ہی بدل دیا گیااور آخری فریم ڈیلیٹ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تھرڈ امپائر نے فیصلے میں 2 سے ڈھائی منٹ لگائے تھے، اگر سچن ٹنڈولکر کو آؤٹ قرار دیا جاتا تو میچ پاکستان جیت سکتا تھا۔

مزید خبریں :