مخصوص لفظ والے پیغام سے آئی فون میں خرابی، 'ایپل نے اپنی خامی درست کر لی'

2017 میں بھارت میں بولی جانے والی تیلگو زبان جب کہ 2015 میں عربی زبان کے مخصوص الفاظ پر مشتمل پیغامات ایپل ڈیوائسز کریش ہونے کی وجہ بنے—فائل فوٹو

دنیا کی صف اول کی امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل ہر سال اپنا نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف کرتی ہے جس میں کئی نئے فیچرز شامل ہو تے ہیں مگر مختلف زبانوں کی سپورٹ کے حوالے سے ایپل کو ہمیشہ چیلنجز درپیش رہے ہیں۔

2017 میں آئی او ایس 11 کی لانچ کے بعد بھی ایپل کو ایک ایسے مسئلے کا سامنا کرنا پڑا کہ جب کوئی شخص بھارت میں بولی جانے والی زبان تیلگو کا ایک مخصوص لفظ اگر کسی آئی فون پر پیغام کی صورت میں بھیجتا تھا تو اس پر ایپس اور میسجز کام کرنا چھوڑ دیتے تھے۔ اس خرابی کی نشاندہی کے بعد ایپل کو چند گھنٹوں کے بعد ہی آپریٹنگ سسٹم کی نئی اپ ڈیٹ جاری کرنا پڑی تھی۔

2018 میں بھی آئی فون پر ایک مخصوص لنک بھیجنے کی وجہ سے دوسرا فون جس پر پیغام موصول ہوتا، وہ ہینگ ہو جاتا تھا جب کہ 2015 میں عربی زبان کے ایک لفظ پر مشتمل پیغام نے بھی ایپل ڈیوائسز کو کریش کیا۔

بھارت میں بولی جانے والی تیلگو زبان میں لکھا گیا پیغام جس کی وجہ سے 2017 میں آئی فون کریش ہوئے۔
عربی زبان کا پیغام جس کی وجہ سے 2015 میں آئی فون کریش ہوا تھا۔

اُس وقت ایپل نے جب تحقیق کی تو یہ بات سامنے آئی کہ اگر عربی زبان کے ایک مخصوص لفظ کو آئی میسج میں بھیجا جائے تو دوسرا فون کریش کر جاتا تھا اور اس خرابی کی بنیادی وجہ کسی بھی کمپیوٹر یا فون میں لکھے جانے والے الفاظ پر کام کرنے والی یونیکوڈزبان تھی۔

کچھ سال قبل صرف پانچ سیکنڈ کی ایک ویڈیو بھی آئی فونز کو کریش کرنے کا سبب بنی تھی۔

اب ایک مرتبہ پھر ایپل کو ایک ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے کیونکہ اس مرتبہ لوگوں نے شکایت کی ہے کہ 13.4.1 میں اٹلی کے ایک جھنڈے اور سندھی زبان کے مخصوص لفظ پر مشتمل پیغام کی وجہ سے ان کی ڈیوائسز کریش کر رہی ہیں۔ ایک ٹوئٹر صارف نے ایسے ہی پیغام سے اٹلی کا جھنڈا نکال کر اسے آگے بھیجا تو بھی فون کریش کر گیا۔

اس سے یہ بات بھی سامنے آتی ہے کہ ایپل کو ایک مرتبہ پھرسے 2017 اور 2015 کی طرح الفاظ کے پیچھے کام کرنے والی یونیکوڈ زبان کے مسئلے کا سامنا ہے اور آئی او ایس 13.4.1سندھی زبان کے مخصوص الفاظ کے یونی کوڈ کو پراسس نہیں کر پار رہا ہے۔

ایپل کو ماضی میں درپیش آنے والے ایسے ہی مسائل پر اگر نظر ڈالیں تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ یہ کسی بھی مخصوص زبان کےمسائل نہیں بلکہ ایپل کے آپریٹنگ سسٹم میں موجود خامیاں ہیں جن کی وجہ سے لوگوں کی ڈیوائس کریش کر جاتی ہیں۔

نیا پیغام جو کہ آئی فون کریش ہونے کا سبب بنا۔

یہ بھی واضح رہے کہ ایسے مسائل اس وقت تک دور نہیں ہوتے جب تک ایپل خود انہیں درست کرکے اپنے آپریٹنگ سسٹم کی نئی اپ ڈیٹ جاری نہیں کر دیتا۔

'نئے بیٹا ورژن میں خامی دور کر دی گئی'

ایپل سے جڑی خبروں کے مخصوص بلاگ 9to5Mac کے مطابق یہ مسئلہ ایپل کے علم میں آ چکا ہے اور 13.4.5 کے بیٹا ورژن جو کہ جلد ہی ریلیز کیا جائے گا، اس میں  یہ مسئلہ موجود نہیں ہو گا۔

اس لیے امید ہے کہ اس نشاندہی کے بعد ایپل ماضی کی طرح جلد ہی نئی اپ ڈیٹ ہر کسی کے لیے ریلیز کر دے گا۔