28 اپریل ، 2020
قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان اظہر علی بھی کورنا وائرس سے متاثرین کی مدد کے لیے میدان میں آگئے ۔
عالمی وبا کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کے لیے اس وقت بے شمار لوگ کام کر رہے ہیں اور ان میں کھیلوں سے وابستہ شخصیات بھی شامل ہیں، ان میں اب پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی شامل ہو گئے ہیں۔
اس ضمن میں اظہر علی نے ٹوئٹر پرایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے اپنے دل کے قریب چیزوں کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اظہر علی نے جس بیٹ کے ساتھ اپنے کیرئیر کی واحد سنچری اسکور کی وہ اس بیٹ کو نیلام کریں گے جس کے لیے انہوں نے بنیادی قیمت 10 لاکھ روپے رکھی ہے، اسی طرح قومی کپتان چیمپئنز ٹرافی کی وننگ شرٹ بھی نیلام کریں گے اور انہوں نے اس کی بھی بنیادی رقم 10 لاکھ روپے رکھی ہے۔
ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے 2016 میں دبئی میں کھیلے جانے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ناقابل شکست 302 رنز کی اننگز کھیلی تھی جب کہ وہ 2017 میں سرفراز احمد کی کپتانی میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستان ٹیم کا حصہ تھے۔
اظہر علی کی جانب سے نیلام کے لیے مختص کی جانے والی چیمپئنز ٹرافی وننگ شرٹ پر چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے والی پاکستان ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے دستخط ہیں، اب کپتان اظہر علی نے یہی دونوں یاد گار چیزیں نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اظہر علی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت زندگی کے ہرشعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ متاثر ہوئے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے مشکلات پیش آرہی ہیں، اس نیلامی سے جو بھی رقم اکٹھی ہو گی وہ ان لوگوں میں تقسیم کی جائے گی۔
اظہر علی نے مزید کہا کہ یہ میری ایک چھوٹی سی کوشش ہے تاکہ اس سے ان لوگوں کی مدد ہو سکے، بیٹ اور شرٹ میرے دل کے بہت قریب ہیں، سوچا تھا کہ میں ان کو سنبھال کر رکھوں گا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس مشکل وقت میں یہ چیزیں لوگوں کے کام آسکیں تو مجھے اس کی زیادہ خوشی ہو گی۔
کپتان اظہر علی اس سے قبل وزیراعطم عمران خان کورونا وائرس ریلیف فنڈ میں 10 لاکھ روپے عطیہ کر چکے ہیں۔