پاکستان
Time 29 اپریل ، 2020

بھارت میں مسلمان ہی نہیں دیگر اقلیتیں بھی غیر محفوظ ہیں: وزیرخارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی کی رپورٹ پر ردعمل میں کہا ہے کہ صرف مسلمانوں کیلئے بھارت کا رویہ خطرناک نہیں بلکہ آج ہندوستان کی تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔

وزیر خارجہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام ساری دنیا نے دیکھا مگر انہوں نے مصلحتاً خاموشی اختیار کی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک نے ہندوستان کے رویے کے خلاف آواز بلند کی ہے، ان ممالک میں بہت سے بھارتی شہری مقیم ہیں مگر ان پر تو زندگیاں تنگ نہیں کی گئیں۔

ان کا کہنا ہے کے بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں اور بین الاقوامی میڈیا کی رائے تیزی سے ہندوستان کے حوالے سے بدل رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف بھارت کے مسلمانوں کے خلاف متعصبانہ اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے تو  وہیں پاکستان کی اقلیتوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کو سراہا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ  امریکا کے کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) نے بھارت کو اقلیتوں کے لیے خطرناک ملک قرار دیتے ہوئے اسے بلیک لسٹ کرنے کی سفارش کی ہے۔

کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت 2019 میں مذہبی آزادی کے لیے بدترین ملک رہا۔

یو ایس سی آئی آر ایف نے سال 2020 کی رپورٹ میں مودی سرکار کی طرف سے شہریت کے ترمیمی قانون کو مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔

مزید خبریں :