گوگل نے ویڈیو کانفرنس ایپ ’میٹ‘ کی سروس مفت کردی

فوٹو فائل—

مخلتف ممالک میں کورونا لاک ڈاؤن کے باعث دفاتر بند ہونے کی وجہ سے لوگ گھروں میں بیٹھ کر کام کر رہے ہیں تاہم کاروباری  رابطوں کے لیے بڑے پیمانے پر ویڈیو کانفرنسز  ایپ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس وقت دنیا بھر میں عالمی وبا کے باعث لاک ڈاؤن میں ویڈیو کانفرنس کی ایپ زوم کا استعمال سر فہرست ہے جسے دیکھتے ہوئے گوگل نے بھی اپنی ویڈیو کانفرنس ایپ ’میٹ‘ کی سروس مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گوگل بلاگ پوسٹ کے مطابق کمپنی نے اپنی ویڈیو کانفرنس سروس ’میٹ‘ سب کے لیے مفت کردی ہے جس کی سہولت آئندہ ہفتے سے دستیاب ہو گی۔

گوگل کمپنی کے مطابق میٹ کی سروس کے لیے اس کی سیکیورٹی کاخاص خیال رکھا گیا ہے تاکہ صارفین کا ڈیٹا محفوظ رہےساتھ ہی اس میں کچھ مزید نئے فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔

ابتدائی طور پر گوگل کی ’میٹ‘ سروس صرف ان سبسکرائبرز کے لیے مختص تھی جو کاروبار کے لیے پریمیئم جی سوٹ سافٹ ویئر استعمال کرتے تھے۔

اس حوالے سے جی سوٹ کے نائب صدر جویئر سولٹارو نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اب سے میٹ پوری دنیا کے صارفین کے لیے مفت دستیاب ہوگی جس سے لوگ  اس وبا کے دوران مؤثر طریقے سے ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گے۔

گوگل نے میٹ کو اپگریڈ کرنے کے ساتھ یہ بھی دعوی کیا ہے کہ یہ ’زوم‘استعمال کرنے کے نسبت سیکیورٹی کے حوالے سے زیادہ تحفظ بخش ہے۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے گوگل اپنے ملازمین کو  "زوم" ایپ استعمال کرنے سے منع بھی کر چکا ہے۔

مزید خبریں :