30 اپریل ، 2020
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے قادیانیوں کو اقلیتی کمیشن میں شامل کرنے کی تردید کردی۔
نورالحق قادری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قادیانیوں کو اقلیتی کمیشن میں شامل کرنے سے متعلق خبر بے بنیاد ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان ایسی خبروں کی سختی کے ساتھ تردید کرتی ہے کہ قومی اقلیتی کمیشن میں قادیانیوں کی شمولیت کافیصلہ کیاگیا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھاکہ قادیانی آئین اور دستور پاکستان کے مطابق غیر مسلم ہیں اور حکومت پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ کسی بھی گروہ کو اسی صورت آئینی اور دستوری اداروں میں شامل کیا جا سکتا ہے جب وہ آئین اور دستور کو تسلیم کریں۔
نور الحق قادری نے مزید کہا ہےکہ پاکستان کا آئین اور دستور برتر ہے، پوری قوم اور حکومت اسی آئین اور دستور کے تابع ہے، حکومت سے کسی بھی غیر آئینی غیر دستوری عمل کی توقع نہیں کی جانی چاہیے۔