Time 04 مئی ، 2020
کھیل

یوسف اور یونس، مڈل آرڈر میں مداحوں کا مقبول ترین ڈریم پیئر

محمد یوسف اور یونس خان پر مشتمل جوڑی نے مشترکہ طور پر طویل طرز کی کرکٹ میں 78 اعشاریہ 42 کی اوسط سے 3137 رنز بنائے۔ فوٹو: فائل

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کی دوسری سب سے کامیاب بیٹنگ جوڑی، محمد یوسف اور یونس خان، مقبول ترین ڈریم مڈل آرڈر ٹیسٹ پیئر قرار پائی ہے۔

بلے بازی کے ہنر سے مالا مال 2 لیجنڈ کرکٹرز محمد یوسف اور یونس خان پر مشتمل جوڑی نے مشترکہ طور پر طویل طرز کی کرکٹ میں 78 اعشاریہ 42 کی اوسط سے 3137 رنز بنائے جو مصباح الحق اور یونس خان (3156) کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کی کسی بھی بیٹنگ جوڑی کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز ہے۔

دونوں کھلاڑیوں نے مشترکہ طور پر 9 مرتبہ سنچری یا اس سے زائد رنز بنانے کی شراکت قائم کی، 3013 رنز کے ساتھ انضمام الحق اور محمد یوسف کی جوڑی کا اس فہرست میں تیسرا نمبر ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سوشل میڈیا پر جاری ڈریم پیئر مہم کو مداحوں، موجودہ اور سابقہ کرکٹرز کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔

اس تناظر میں 29 مئی سے شروع ہونے والی مہم کے پہلے مرحلے میں مداحوں نے ابتدائی 2 روز ڈریم پیئرز برائے ٹیسٹ اوپنرز کا انتخاب کیا جس کے بعد ٹیسٹ مڈل آرڈر پیئرنگ کے لیے مزید 2 روز کا وقت دیا گیا، گزشتہ روز مہم کے تیسرے مرحلے میں مداحوں کو فاسٹ باؤلنگ جوڑیوں کے انتخاب کا حق دیا گیا ہے۔

مہم کے دوسرے مرحلے میں ڈریم پیئرز برائے مڈل آرڈر کی پوسٹ تقریباً 8 لاکھ سوشل میڈیا صارفین کی اسکرینز پر دیکھی گئی جہاں ٹو وائز، یوسف اور یونس کو مقبول ترین جوڑی تصور کیا گیا۔

موجودہ اور سابقہ کرکٹرز کی ایک بڑی تعداد نے بھی اسی جوڑی کو اپنا پسندیدہ پیئر قرار دیا، جن میں راشد لطیف، محمد عامر اور عابد علی نمایاں ہیں۔

سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں مقبول ترین مڈل آرڈر ڈریم پیئرز کی فہرست میں انضمام الحق اور محمد یوسف کا ڈریم پیئر دوسرا جب کہ یونس خان اور جاوید میانداد کی تصوراتی جوڑی تیسرا مقبول ترین پیئر رہا۔

یونس خان نے پاکستان کی جانب سے 118 ٹیسٹ میچوں میں 33 نصف سنچریوں اور 34 سنچریوں کی بدولت 10099، محمد یوسف نے 90 ٹیسٹ میچوں میں 7530 جب کہ انضمام الحق نے 120 ٹیسٹ میچوں میں 8830 رنز بنائے۔

مزید خبریں :