Time 05 مئی ، 2020
کھیل

'ثقلین کے ساتھ بولنگ کی خواہش'

‏پاکستان کرکٹ بورڈ کی سوشل میڈڈیا پر ڈریم پئیر بنانے کی مہم کا سلسلہ جاری ہے جو کہ اب اسپن جوڑی تک پہنچ چکی ہے۔

 اوپنرز کی ڈریم جوڑی میں عامر سہیل اور سعید انور سامنے آئے جب کہ سوشل میڈیا پر سب سے مقبول مڈل آرڈر بیٹسمینوں کی جوڑی محمد یوسف اور یونس خان کی قرار پائی۔

فاسٹ بولروں میں ٹو ڈبلیوز وسیم اکرم اور وقار یونس کی جوڑی مقبول ترین قرار پائی۔

اب اسپنرز کی جوڑی کے لیے سوشل میڈیا پر مہم شروع ہو چکی ہیں جس میں کرکٹرز اور شائقین اپنی اپنی پسند کی جوڑی بنائیں گے۔

‏پاکستان کرکٹ بورڈ نے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق اسپنرز کے لیے مشتاق محمد ، انتخاب عالم ، اقبال قاسم ، عبدالقادر، توصیف احمد ، مشتاق احمد ، ثقلین مشتاق ، عبدالرحمان ، سعید اجمل اور یاسر شاہ کے ناموں کی فہرست جاری کی ہے اور اب اس میں سے اسپنرز کی جوڑیاں بنیں گی۔

‏ بائیں ہاتھ کے اسپنر عبدالرحمان نے ثقلین مشتاق کے ساتھ اپنی جوڑی بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ 

22 ٹیسٹ ، 31 ون ڈے اور 8 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ "ثقلین مشتاق دوسرا کے موجد ہیں، میری بڑی خواہش تھی کہ میں ان کے ساتھ بولنگ کروں ۔ وہ میرا ڈریم پئیر ہیں ۔ میری اب بھی یہی خواہش ہے کہ میرا ان کے ساتھ نام آئے اور میں ان کے ساتھ بولنگ کروں۔"

‏5 ٹیسٹ ، 43 ون ڈے اور 40 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے لیگ اسپنر شاداب خان نے بھی دوسرا کے ماہر ثقلین مشتاق کا نام لیا ہے ۔ 

شاداب کا کہنا ہے کہ وہ ماضی کے کھلاڑیوں میں سے دو ڈریم پئیر بنانا چاہیں گے۔ "ایک ثقلین مشتاق جنہوں نے دوسرا ایجاد کیا اور ایک سعید اجمل جنہوں نے اسے جاری رکھا۔"

شاداب خان کا کہنا ہے کہ  موجودہ بولرز میں سے وہ  یاسر شاہ کے ساتھ اپنا پئیر بنا کر بولنگ کرنا چاہیں گے۔

یاد رہے کہ  یاسر شاہ نے ٹیسٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں مکمل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہوا ہے۔

مزید خبریں :