کھیل

کورونا کے باعث متاثر ٹینس کھلاڑیوں کیلئے 60 لاکھ ڈالرز کی رقم مختص

 ٹینس کی سات مختلف تنظیموں کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے 800 کے لگ بھگ کھلاڑیوں کی امداد کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

کورونا وائرس کی وجہ سے معطل سرگرمیوں سے متاثر ٹینس کھلاڑیوں کی مالی امداد کے لیے ٹینس کی سات مختلف تنظیموں نے 60 لاکھ ڈالرز یعنی تقریبا 96 کروڑ پاکستانی روپے کا فنڈ مختص کیا ہے جس سے 800 کے لگ بھگ کھلاڑیوں کی امداد کی جائے گی۔

پروفیشنل ٹینس کی تنظیم اے ٹی پی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اے ٹی پی، ڈبلیو ٹی اے، آئی ٹی ایف اور چاروں گرینڈ سلامز (ومبلڈن، آسٹریلین اوپن، یو ایس اوپن اور فرنچ اوپن) منعقد کرانے والی تنظیموں نے مشترکہ طور پر فنڈ مختص کیا ہے جس سے مالی مسائل کا شکار کھلاڑیوں کی امداد کی جائے گی۔

اے ٹی پی کے مطابق 13 جولائی تک سرکٹ کے تمام ٹورنامنٹس معطل رہیں گے جس کی وجہ سے متعدد کھلاڑی اپنی متوقع آمدنی سے محروم رہیں گے لہذا ان کھلاڑیوں کی امداد کرنا کافی ضروری ہے۔

کھلاڑیوں فنڈز کی فراہمی اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے کی ذمہ داری ہوگی جو کھلاڑیوں کی رینکنگ اور ان کی گزشتہ چند ہفتوں کے دوران جیتی جانے والی پرائز منی کی بنیاد پر طے معیار کے تحت رقوم جاری کریں گے۔

پروفیشنل باڈی اے ٹی پی کے مطابق تمام سات تنظیموں کی جانب سے فنڈز میں حصہ ڈالا گیا ہے، اس کے علاوہ مختلف چیریٹی ایونٹس اور کھلاڑیوں کے سامان کی نیلامی سے بھی مزید فنڈز اکھٹے کیے جائیں گے جس سے امداد کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے۔

فنڈز کی فراہمی کے لیے اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے کی جانب سے مجموعی طور پر 800 ممکنہ کھلاڑیوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔

مزید خبریں :