گوگل اور ایپل بھی کورونا کے مریضوں کی ٹریکنگ کے لیے پیش پیش

فوٹو: ٹیک کرنچ

عالمگیر وبا کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس کے خاتمے کے لیےجہاں سائنسدان ویکسین کی تیاری کے لیے دن رات کوششیں کر رہے ہیں تو وہیں متعدد ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی وائرس سے متعلق آگاہی اور دیگر پہلوؤں پر تحقیق کر رہی ہیں اور لوگوں تک جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لیےکوششوں میں جُڑی ہوئی ہیں۔

معروف ٹیکنالوجی کمپنیاں گوگل اور ایپل اب کورونا وائرس سے متعلق ایک ہو کر کچھ دنوں میں ایک ایسا ٹول پیش کرنے جا رہی ہیں جو کورونا وائرس کے مریضوں کی ٹریکنگ میں مدد دے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گوگل نے اینڈرائیڈ اور ایپل نے آئی او ایس ڈیوائسز میں ایک ایسے بلیو ٹوتھ سسٹم سے متعلق نئی تفصیلات جاری کی ہیں جو کورونا وائرس کے مریضوں کی ٹریکنگ میں مدد فراہم کرے گا۔

اس ٹول کے تحت صارفین کی لوکیشن سے متعلق معلومات کو اکٹھا کرنےکی اجازت نہیں دی جائے گی جب کہ کسی بھی صارف کے دوسرے صارف سے قریب ہونے سے متعلق معلومات کو حاصل کرنے سے پہلے ان سے منظوری حاصل کی جائے گی۔

فوٹو: ٹیک کرنچ

دونوں کمپنیوں کی جانب سے اس نئے ٹول کو 'کانٹیکٹ ٹریسنگ' کا نام دیا گیا ہے جو کہ صارفین کو ان کے اسمارٹ فون کے ذریعے آگاہ کرے گا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ شخص سے رابطے میں آئے ہیں۔

اگر کوئی شخص کورونا وائرس سے متاثرہ مریض سے رابطے میں رہا ہوگا تو یہ کانٹیکٹ ٹریسنگ ٹول صارف کو فوراً نوٹیفکشن کے ذریعے آگاہ کرے گا تاکہ وہ احتیاط برتتے ہوئے اپنا ٹیسٹ کرانے کے ساتھ ساتھ خود کو قرنطینہ میں رکھ لے۔

خیال رہے کے ایپل اور گوگل کی جانب سے یہ نیا 'کانٹیکٹ ٹریسنگ ٹول' رواں ماہ میں ہی تمام صارفین کو استعمال کے لیے پیش کیا جائے گا۔

مزید خبریں :