دنیا
Time 06 مئی ، 2020

کورونا کیخلاف مکمل کامیابی تک وائرس پھیلنے کی عالمی تحقیقات نہیں کرائیں گے، چین

چین کی پہلی ترجیح وبا کاخاتمہ اور وبا سے متعلق احمقانہ سیاست کا مقابلہ کرنا ہے: اقوام متحدہ جنیوا دفتر میں چین کے مندوب چین ژو— فوٹو: فائل 

چین نے کورونا کے خلاف مکمل کامیابی تک وائرس پھیلنے کی عالمی تحقیقات نہ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

چین کے شہر ووہان سے پوری دنیا میں کورونا وائرس پھیلا جس سے ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں متاثر ہوئے ہیں۔

امریکا اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک نے کورونا وائرس کے حوالے سے چین پر الزام عائد کیا ہے کہ یہ وائرس ووہان کی لیبارٹری میں تیار کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ امریکا نے عالمی ادارہ صحت پر بھی چین کی معاونت کا الزام عائد کرتے ہوئے فنڈز روکنے کا اعلان کیا ہے جبکہ چین اور عالمی ادارہ صحت نے امریکی الزامات کی تردید کی ہے۔

تاہم اب چین نے کورونا کے خلاف مکمل کامیابی تک وائرس کے پھیلاؤ کی عالمی تحقیقات نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

اقوام متحدہ جنیوا دفتر میں چین کے مندوب چین ژو نے آن لائن میڈیا بریفنگ میں کہا کہ چین کی پہلی ترجیح وبا کا مکمل خاتمہ اور وبا سے متعلق احمقانہ سیاست کا مقابلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کسی قسم کی تحقیقات کےخلاف نہیں لیکن ابھی ہماری توجہ جانیں بچانے پر مرکوز ہے، فی الوقت ہماری توجہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ اور اس کے خاتمے پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وائرس کے پھیلاؤ کی عالمی تحقیقات کی دعوت دینے کے لیے سازگار ماحول کا انتظار ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بھی مائیک پومپیو نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ کورونا وائرس ووہان کی لیبارٹری میں تیار ہوا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تو چین کو خبردار بھی چکے ہیں کہ اگر کورونا وائرس چین نے تیار کیا ہے تو اسے اس کے نتائج بھی بھگتنے پڑیں گے۔

مزید خبریں :