Time 07 مئی ، 2020
کھیل

گگلی ماسٹرعبدالقادر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی ڈریم اسپن جوڑی

‏مرحوم عبدالقادر اور ثقلین مشتاق نے اپنے ٹیسٹ کیرئیرز میں بالترتیب 236 اور 208 وکٹیں حاصل کی تھیں. فوٹو: فائل

گگلی ماسٹر مرحوم عبدالقادر  اور  دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی جوڑی پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین اسپن جوڑی قرار  پائی ہے۔

‏پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ڈریم ٹیسٹ پیئرز مہم میں جوڑیاں بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر متحرک 9 لاکھ کرکٹرز، مداحوں اور کرکٹ پنڈتوں نے جادوگر اسپنر اور گگلی ماسٹر مرحوم عبدالقادر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی اسپن جوڑی کو اپنی پسندیدہ جوڑی قرار دیا ہے۔

‏مرحوم عبدالقادر اور ثقلین مشتاق نے اپنے ٹیسٹ کیرئیرز میں بالترتیب 236 اور 208 وکٹیں حاصل کی تھیں، دونوں کھلاڑیوں پر مشتمل تصوراتی جوڑی شاندار لیگ اور آف اسپن کمبی نیشن کی بنیاد پر مقبول ہوئی۔

‏اس دوران سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم راشد لطیف اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر کی منتخب کردہ مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق پر مشتمل جوڑی مقبولیت میں دوسرے نمبر پر رہی۔

‏گزشتہ ایک ہفتے سے جاری مہم میں اس سے قبل 1990 کی دہائی کے عظیم کرکٹرز سعید انور اور عامر سہیل پر مشتمل اوپننگ جوڑی مہم کے پہلے حصہ میں مقبول ترین رہی۔

‏مڈل آرڈر بلے بازوں کے ڈریم پیئرز میں یونس خان اور محمد یوسف سب سے مقبول جوڑی رہی جب کہ ‏فاسٹ بولرز کے ڈریم پیئرز میں ٹو ڈبلیوز وسیم اکرم اور وقار یونس کی جوڑی نے مقبولیت کے تمام گزشتہ ریکارڈز توڑ دیے۔

مزید خبریں :