ملک میں کورونا سے مزید 28 اموات، مریضوں کی تعداد 24898 تک جا پہنچی

ملک میں کورونا وائرس سے مزید 28 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 591 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 24898 تک جاپہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 209 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ پنجاب میں 182 اور سندھ میں 171 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 22، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کُل ٹیسٹ: 244،778
صحتیاب مریض: 
6464 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز جمعرات ملک بھر سے کورونا کے مزید 857 کیسز اور 28 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں سندھ سے 453 کیسز 14 ہلاکتیں، پنجاب میں 118 کیسز 7 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 244 کیسز 6 ہلاکتیں،  اسلام آباد 36  کیسز ، گلگت بلتستان میں 6 کیسز اور  بلوچستان سے ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔

سندھ

سندھ سے آج کورونا کے مزید 453  کیسز رپورٹ ہوئے اور 14 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 9093 اور ہلاکتیں 171 ہوگئی ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 122 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1853 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 36 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 521 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں جمعرات کو کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم کورونا سے ایک ہلاکت سامنے آئی جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے کی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔

صوبے میں بدھ کو مزید 168 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1663 ہوگئی۔

صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 206 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں جمعرات کو کورونا کے مزید 118 کیسز اور 7 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے کی ہے۔

صوبے میں کورونا کےکیسز کی مجموعی تعداد 9195 اور ہلاکتیں 182 تک جا پہنچی ہیں۔

پنجاب میں کورونا سے اب تک 3201 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں جمعرات کو کورونا سے مزید 6 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 209 تک جاپہنچی ہے۔ 

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 244 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3956 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 984 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر سے جمعرات کو کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ بدھ کو کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے تھے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 76 ہوگئی ہے اور 54 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں جمعرات کو مزید 6 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 394 تک پہنچ گئی۔

محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے جبکہ اب تک 292 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال

وزیراعظم کا ملک بھر میں 9 مئی سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن کھولنے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث مارچ سے ملک بھر میں نافذالعمل لاک ڈاؤن میں 9 مئی سے نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے چھوٹی مارکیٹیں، دکانیں اور ہارڈ ویئر اسٹورز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اجلاس میں شریک وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بتایا کہ دکانیں فجر کے بعد سے شام 5 بجے تک کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، خوراک اور ادویات کی دکانوں کے علاوہ تمام دکانیں ہفتے میں دو روز بند رہیں گی۔ مزید پڑھیں۔۔۔

تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند، اس سال بورڈ کے امتحانات نہیں ہوں گے

حکومت نے کورونا کی صورتحال کے باعث ملک بھر میں بورڈز کے تمام امتحانات ختم کردیے۔ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ پہلے تعلیمی اداروں کو 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جس میں اب مزید ڈیڑھ ماہ کی توسیع کررہے ہیں جس کے بعد تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے۔ مزید پڑھیں۔۔۔ 

وزارت ریلوے کو ملک میں ٹرین سروس کی بحالی کیلئے صوبوں کی حمایت نہ مل سکی

وزارت ریلوے کو ملک میں ٹرین سروس بحال کرنے کے لیے صوبوں کی حمایت نہ مل سکی، وزیر ریلوے شیخ رشید نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعظم عمران خان عید سے قبل ٹرین سروس کی بحالی کی اجازت دے دیں گے۔اس کے علاوہ ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کا کہنا ہے کہ اندرون ملک فضائی آپریشن کی معطلی میں 10 مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔۔

مزید خبریں :