وزارت ریلوے کو ملک میں ٹرین سروس کی بحالی کیلئے صوبوں کی حمایت نہ مل سکی

وزارت ریلوے کو ملک میں ٹرین سروس بحال کرنے کے لیے صوبوں کی حمایت نہ مل سکی،  وزیر ریلوے شیخ رشید نے امید ظاہر کی ہے کہ  وزیر اعظم عمران خان عید سے قبل ٹرین سروس کی بحالی کی اجازت دے دیں گے۔

خیال رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث مارچ سے ملک بھر میں نافذالعمل لاک ڈاؤن میں 9 مئی کے بعد سے نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم  نے بتایا کہ ہم نے ہفتے سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ  تمام صوبوں کے ساتھ مل کر کیا ہے۔

پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس  پر ہمارا پوری طرح اتفاق نہیں ہے، اسد عمر سے کہا ہے کہ وہ صوبوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے پر مشاورت کریں۔

دوسری جانب ملک میں ٹرین سروس کی بحالی کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 10 مئی سے ٹرین سروس بحال نہیں ہوگی کیونکہ چاروں صوبے ٹرین سروس کی بحالی پر متفق نہیں ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  توقع ہے کہ عید سے پہلے عمران خان کی اجازت سے دوبارہ ٹرینیں چلانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

اس کے علاوہ ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کا کہنا ہے کہ اندرون ملک فضائی آپریشن کی معطلی میں 10 مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ مارچ کے مہینے سے ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے  ٹرین سروس سمیت  اندرون ملک فضائی آپریشن معطل ہے ۔

مزید خبریں :